خواب میں چہرہ دیکھنا

خواب میں چہرہ دیکھنے کی تعبیر، خواب میں منہ دیکھنے کی تعبیر

حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی خواب میں چہرے کو جیسا کہ تھا ، اس سے زیادہ خوبصورت دیکھے دلیل ہے کہ اس کا مرتبہ اور زندگی زیادہ ہو گی ۔ اور اگر اپنا چہرہ برا اور ناخوش دیکھے تو اس کا مرتبہ کم ہو گا ۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر اپنے چہرے کا رنگ سرخ اور پاکیزہ دیکھے ۔دلیل ہے کہ روشناس ہو گا ۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ سفید ہے ۔ تو دین کی قوت پر دلیل ہے ۔ فرمان حق تعالیٰ ہے ۔ واما الذین ابیضت وجو ھھم ففی رحمتہ اللہ ھم خالدون(اور جن کے چہرے سفید ہیں وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت میں ہیں ۔اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے) اور اگر دیکھے کہ اس کے چہرے کا رنگ زرد ہے ۔دلیل ہے کہ بیمار ہو گا ۔اور اگر سیاہ ہے تو خلقت میں رسوا ہو گا ۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ سیاہ ہے اور کپڑے سفید ہیں۔ دلیل ہے کہ اس کے لڑکی پیدا ہو گی ۔ فرمن حق تعالیٰ ہے ۔ وا ذا بشر احدھم بالانثی ظل وجھہ مسودا وھو کظیم(اور اگر ان میں سے کسی کو لڑکی بشارت دی جاتی ہے تو اس کا چہرہ غصے کے مارے سیاہ ہو جاتا ہے ) اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ سیاہ اور گرد آلود ہے دلیل ہے کہ وہ مشرک ہو گا ۔اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ خون آلود ہے یا اس کے چہرے سے زرد آب نکلتا ہے اور اس کے چہرے پر زخم نہیں ہے ۔ دلیل ہے کہ اس کے مال کا نقصان ہو گا ۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ کج ہوگیا ہے تو یہ اس کے حال کی تباہی پر دلیل ہے ۔اور اگر دیکھے کہ اس کے چہرے پر خال ہے تو دلیل ہے کہ قرض دار ہو گا ۔
حضرت جابر مغربی رحمتہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے ۔ اگر اپنے چہرے کو خواب میں پانی یا شیشے میں خوبصورت دیکھے یا کوئی کہے کہ تیراچہرہ خوبصورت ہے ۔ دلیل ہے کہ اس کا کام نیک ہو گا ۔ اور اگر برا دیکھے تو اس کی تاویل اول کے خلاف ہے ۔اور اگر دیکھے کہ اس کا چہرہ سرخ ہے ۔ دلیل ہے کہ اس کی کسی سے بحث ہو گی اور غصہ کھائے گا ۔ اور اگر اپنا چہرہ سپید اور روشن دیکھے ۔ دلیل ہے کہ عبادت کی توفیق پائے گا ۔ اور اگر اپنا چہرہ سیاہ دیکھے تو غم و اندوہ پر دلیل ہے اور کفر کا خوف ہے ۔فرمان حق تعالیٰ ہے ۔ وا ما الذین اسودت وجو ھھم اکفر تم بعد ایمانکم(لیکن جن کے چہرے سیاہ ہیں ۔ کیا تم ایمان کے بعد کافر ہوئے ہو ) اور اگر اپنے چہرے پر زخم دیکھے دلیل ہے کہ اسی قدر غم و اندوہ کھائے گا ۔ اور اگر اپنے چہرے پر خراش دیکھے ۔دلیل ہے کہ اس کے کام اور چو ہدر میں خلل پڑے گا ۔ اور اگر اپنے دوچہرے دیکھے ۔ دلیل ہے کہ منافق ہو گا ۔
 حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں چہرے کا دیکھنا آٹھ وجہ پر ہے ۔(۱)شر اور بزرگی(۲)ذلت اور حقارت(۳)کاموں کا انتظام (۴)دین اور دیانت(۵)اند وہ اور رسوائی(۶)قرض(۷)نیکی(۸)عبادت کی توفیق۔