حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ ببر ایک درندہ جانور شیر کا دشمن ہے اور اس کوخواب میں دیکھنا قوی اور دلیر دشمن ہے۔ لیکن کریم اور مہربان ہے ۔ اور اگر دیکھے کہ ببرکے ساتھ لڑائی کرکے اس کو مغلوب کر لیا ہے تو دلیل ہے کہ دشمن پر غالب آئے گا۔ اوراگر اس سے مغلوب ہو گیا تو دشمن اس پر فتح پائے گا اور دیکھے کہ ببر اس سے ڈر کر بھاگ گیا ہے تو دلیل ہے کہ دشمن سے امن میں رہے گا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعا لیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ ببر کی ہڈیاں اور بال اور چمڑا خواب میں دیکھنا مال اور منفعت ہے جو دیکھے ہوئے کے قدر کے مطابق اس کو دشمن سے حاصل ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ ببر پر بیٹھا ہے اور وہ اس کامطیع (مطیع ہے:فرمانبردار ہے) ہے تو دلیل ہے کہ دشمن اس کا تابعدار ہو گا۔